لندن (جیوڈیسک) یوکرین بحران اور دیگر عوامل نے گزشتہ ہفتے اجناس کی عالمی منڈیوں کو متاثر کیا جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اورسونے کی قیتمیں گرگئیں جبکہ چینی کے نرخوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میںاضافہ ہوا، لندن انٹرکانٹینینل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی مئی میں فراہمی کے لیے قیمت 107.51 ڈالر سے بڑھ کر 108.07 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے نرخ 100.13 ڈالر سے بڑھ کر 101.67 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 41 ڈالر کی کمی سے 1295 ڈالر فی اونس ہو گئی، چاندی کے نرخ 20.55 ڈالر سے گھٹ کر 19.71 ڈالر فی اونس رہ گئے۔
لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1439 سے گھٹ کر 1401 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ پلاڈیم کی قیمت 789 سے کم ہو کر 771 ڈالر فی اونس رہ گئی، بنیادی یا صنعتی دھاتوں کے سلسلے میں لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی قیمت 6508 سے بڑھ کر 6636 ڈالر فی ٹن ہو گئی، ایلومینیم کے نرخ 1719 ڈالر سے بڑھ کر 1755 ڈالر فی ٹن، لیڈ کے دام 2080 سے گھٹ کر 2079 ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 22 ہزار 967 سے گھٹ کر 22 ہزار 866 ڈالر فی ٹن، کلئی کے بھائو 15 ہزار 955 سے گھٹ کر 15 ہزار 850 ڈالر فی ٹن، جست کی قیمت 1956 سے بڑھ کر 1989 ڈالر فی ٹن ہو گئی، چینی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا اور سفید چینی کی قیمت 453 ڈالر سے بڑھ کر 481.80 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ خام چینی کی قیمت 16.98 سے بڑھ کر 18.10 سینٹ فی پائونڈ ہو گئی۔