کراچی (جیوڈیسک) خام تیل کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی۔ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ڈبلیوٹی آئی کی ستمبر میں فراہمی کے لیے قیمت 68.26 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی جبکہ لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کے ستمبر میں کے لیے سودے 73.07 ڈالر فی بیرل میں طے پائے، اگرچہ کاروباری ہفتے کے آخری روز قیمتوں میں کمی آئی تاہم پورے ہفتے کے دوران مجموعی طور پر نرخ کم رہے، یہ قیمتوں میں کمی کا مسلسل دوسرا ہفتہ ہے، اس سے پہلے تیل کی قیمتیں 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں۔
نرخوں میں کمی مارکیٹ میں پھر سے تیل کی بھرمار کے خدشات کی وجہ سے ہوئی جس کی وجہ سے سعودی عرب کے اوپیک میں نمائندے نے اپنے بیان میں کہاکہ اگست سے ایکسپورٹ میں 1لاکھ بیرل یومیہ کمی آئے گی جس کی وجہ پیداوار کا اپنی حد کو پہنچنا ہے، اسی بیان سے جمعہ کو قیمتوں کو سپورٹ ملی تھی۔