نیویارک (جیوڈیسک) خام تیل کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اتارچڑھاؤ کے بعد مجموعی طور پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مارکیٹ میں تیل کی وافر سپلائی محدود ہونے کی امید پر امریکی آئل ڈبلیوٹی آئی کی قیمت آئندہ ماہ ترسیل کے لیے قیمت کم وبیش 3 فیصد کے اضافے سے 46.21 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ یورپی آئل برینٹ کے جولائی میں فراہمی کے لیے نرخ تقریباً 5 فیصد بڑھ کر 47.83 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو تیل کی قیمتیں 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں تاہم جمعہ کو نرخ گر گئے مگر اس کے باوجود ہفتہ بھر میں قیمتیں اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 3 سے 5 فیصد تک زائد رہیں، نرخوں میں اضافے کی وجہ تیل کی بھرمار میں کمی کا امکان بتائی جاتی ہے۔
جس کی طرف تیل کے صارف ممالک کی تنظیم آئی ای اے اور تیل کے برآمدی ممالک کی تنظیم اوپیک دونوں نے اپنی حالیہ جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں واضح اشارہ کیا ہے۔