خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اوگرا کی پیٹرول مہنگا کرنے کی تجویز

Petrol

Petrol

اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 11 سال کی کم ترین سطح پرموجود ہے لیکن اس کے باوجود اوگرا نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 17 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی ہے۔

اوگرا نے آئندہ ماہ کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزرات پٹرولیم کو بھجوا دی ہے۔ سمری میں پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 17 پیسےفی لیٹر اضافے جب کہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا کی سمری کے مطابق مٹی کاتیل 8 روپے7 پیسے، ڈیزل 5 روپے 93 پیسے جب کہ ایچ اوبی سی 4 روپے 35 پیسے فی لیٹرکمی کی تجویز بھیجی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی حتمی منظوری وزرت خزانہ وزیرا عظم سے مشاورت کے بعد دے گی۔