ظلم کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے امام حسین کی پیروی کرنا ہو گی: مسعود احمد صدیقی

Sufi Masood Ahmed Siddiqui

Sufi Masood Ahmed Siddiqui

لاہور (پ ر) تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل قائد روحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ظلم و ناانصافی کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے نواسہ رسول ؐ سیدنا امام حسینؓ کی پیروی کرنا ہو گا۔ ان خیالات اظہار انہوں نے امام الشہداء حضرت سیدنا امام حسینؓ کے جشن ولادت کی مناسبت سے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ ہفتہ وار محفل نعت و تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا تاریخ انسانیت میں حق اور سچ کی بقا سرکار سیدنا امام حسینؓ کی شہادت کی مرہون منت ہے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے سیدناامام حسینؓ شان میں کہاکہ جب بھی صبر و ایثار،تسلیم ورضا اورباطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئیگا تاریخ انسانیت میں نواسہ رسول ؐ سرکار سیدنا امام حسینؓ کی بے مثال جرات و بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج ہی سنائی دیگی۔ پیر الطاف حسین نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات ، تنگ نظری، فرقہ واریت کو اسکی بنیادوں سے ختم کرتے ہوئے معاشرے میں اتحاد، امن و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیکر تمام مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں ۔ محفل نعت کے اجتماع سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے امام الشہداء سرکار سیدنا امام حسینؓ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ جبکہ اختتام پر حضورنبی کریم ؐ کی بارگاہ میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ #