لاہور (جیوڈیسک) پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ 3 ساتھی فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم داعش خراسان کی ملتان میں دہشتگردی کی سازش کو ناکام بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 ساتھی فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت رضوان اور عمران کے نام سے ہوئی جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جو لاہور میں امریکی شہری وارن وئنسٹائن کےاغوا سمیت کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مارےگئے دہشت گرد سمندری فیصل آباد میں کیش وین لوٹنے میں بھی ملوث تھے جنہوں نے لوٹ مار کے دوران تمام سیکیورٹی گارڈز کو قتل کردیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد دیگر کئی افراد کے اغواء اور قتل میں بھی ملوث تھے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکاخیز مواد، اسلحہ، نقشے اور رقم برآمد ہوئی۔