پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم داعش کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ و بارود برآمد کر لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مالاکنڈ ریجن کے علاقے جنگل شہید کنڈاو تھانہ مایار کے قریب انٹلیجنس بیس آپریشن کے دوران کامیاب کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑامنصوبہ ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کے 3 دہشت گرد گرفتار ہوئے، جن کی شناخت عبدالرحمان ولد عبد الخالق ساکن مسلم آباد جبگئی لعل قلعہ دیر لوئر، عزیز النبی ولد مختیار النبی ساکن با ڈوان دربار دیرلوئر، اور فضل قاسم ولد فضل الرحمان ساکن گل مقام چکدرہ دیر لوئر سے ہوئی۔
گرفتاردہشت گردوں کے قبضے سے تین ہینڈ گرینڈز، دو عدد پستول 30 بور بمعہ 10 عدد کارتوس ، 02 کلو 520 گرام بارود ، 08 عدد ڈیٹونیٹرز، برائما کارڈ14 فٹ، 03 عدد RPG7 کے گولے برآمد ہوئے ۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سال 1997 کے تحت دہشت گردی کا مقدمہ در ج کرکے ماہر تفتیش ٹیم مقرر کی گئی ہے۔
جبکہ دوسرے کاروائی میں بدوران انٹیلیجنس بیس آپریشن سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن کو دہشت گردی کے 02 مقدمات میں مطلوب مجرم اشتہاری خان ولد گل شہزاد ساکن کالام ضلع سوات کو حسب ضابطہ گرفتار کرلیاگیا اور اسی طرح تھانہ ضلع سوات کے دہشت گردی کے مقدمہ میں مطلوبہ مجرم اشتہاری محمد شعیب ولد کاکی ساکن سمبٹ چم مٹہ سوات کوبھی حسب ضابطہ گرفتار کرلیاگیا ہے۔ مزیدقانونی کاروائی جاری ہے۔