کرنسی مارکیٹ میں روپے اور ڈالر کی جنگ جاری

Dollar

Dollar

لاہور(جیوڈیسک) پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اتار چڑھا کے چرچے تو ہمیشہ ہی رہتے ہیں تو دوسری طرف امریکی ڈالر بھی معاشی صورتحال پر اثر انداز ہوتا ہے۔ کرنسی مارکیٹ میں روپے اور ڈالر کی جنگ جاری ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر تقریبا 105 روپے کے بدلے مل رہا ہے اور موجودہ شرح تبادلہ کو ماہرین ملکی معیشت کے لئے بہتر خیال نہیں کرتے۔

روپے کی قدر میں کمی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سال 2008 میں جمہوری حکومت بنی تو ڈالر 60 روپے کا تھا اور اب میاں نواز شریف نے حلف اٹھایا تو ڈالر 100 روپے 20 پیسے کا تھا جس کے بعد سے روپے کی قدر میں مزید پانچ فیصد کمی ہو چکی ہے۔ گزشتہ ایک برس میں ڈالر کی قدر میں دس روپے اضافہ ہوا۔

جس سے قرضوں کے بوجھ تلے دبی پاکستانی معیشت پر بیرونی قرضوں کے بوجھ میں سال بھر میں 680 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ روپے کی قدر میں مزید کمی روکنے کے لئے ماہرین حکومت اور سٹیٹ بینک سے فوری مداخلت کی توقع کرتے ہیں۔