روالپنڈی (جیوڈیسک) ماڈل گرل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس میں سولہویں مرتبہ کسٹم عدالت میں پیش ہوئی لیکن اس کے باوجود بھی ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور نہ ہی منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر کارروائی ہوئی۔
راولپنڈی کے کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ایان علی کیخلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت کی، ملزمہ ایان علی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی، کسٹم حکام نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں معاملہ زیرسماعت ہونے کی وجہ سے چالان تیار نہیں کیا۔
ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ فیصلہ ہمارے حق میں آیا اس مقدمے میں سرکار بھی فریق ہے،کسٹم جج رانا آفتاب احمد نے ریمارکس دیئے کہ آپ خود اچھی پوزیشن پر سرکار کا حصہ رہے عدالتی فیصلے کی نقل ملنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔
ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران کسٹم پراسیکوٹر نے بتایا کہ درخواست پر جواب جمع کرا دیا، بحث کیلئے تیار ہیں، ملزمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث آج دلائل نہیں دے سکتا، عدالت نے آئندہ سماعت پر لطیف کھوسہ کو دلائل کا آخری موقع دیتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت اٹھائیس ستمبر تک ملتوی کر دی۔