راولپنڈی (جیوڈیسک) کرنسی سمگلنگ کیس کی مرکزی ملزمہ ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 جون تک توسیع کر دی گئی، کسٹم کورٹ کے جج رانا آفتاب احمد نے مقدمے کا حتمی چالان پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
کرنسی سمگلنگ کیس کی مرکزی ملزمہ ایان علی کو آج نویں مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔ کسٹم کورٹ کے جج رانا آفتاب احمد نے مقدمے کا حتمی چالان پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چالان پیش ہونے کی وجہ سے مقدمہ التواء کا شکار ہو رہا ہے۔ عدالت آئندہ سماعت پر حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمہ ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں پندرہ جون تک توسیع کر دی۔
کرنسی سمگلنگ کیس اور ایان علی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ چلانے سے متعلق کسٹم حکام کی درخواست پر سماعت پندرہ جون تک ملتوی کر دی گئی ۔ قبل ازیں ماڈل گرل ایان علی کی کرنسی سمگلنگ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت سانحہ ڈسکہ کیخلاف وکلاء ہڑتال کے باعث ملتوی کی گئی ۔ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر کل دلائل دیںگے ، سماعت کے اختتام پر ایان کی ان کے وکلاء کے ساتھ ملاقات بھی کرائی گئی۔