راولپنڈی (جیوڈیسک) کرنسی سمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل گرل ایان کے کیس میں آج بھی ٹھوس پیشرفت نہ ہوسکی۔ ایان کو بکتر بند گاڑی میں عدالت میں لایا گیا۔ ملزمہ کو سپیشل جج کسٹمز رانا آفتاب احمد کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت میں ملزموں کے وکلاء نے استدعا کی کہ وہ ایان کی درخواست ضمانت کی سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہوں گے جس کے لیے مقدمے کا ریکارڈ بھی لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس لیے کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کی جائے تاہم عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے ایان کے وکیل لطیف کھوسہ کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے بحث شروع کی جائے۔
تاکہ ملزمہ پر اس سلسلے میں کارروائی شروع کی جا سکے جس کے بعد عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت چھ جولائی تک ملتوی کر دی۔