حیدرآباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی و مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کوئی تیسری قوت بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے، جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش ہورہی ہے، عمران خان اور طاہر القادری غیر آئینی طریقے سے حکومت گرانے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ملک میں تبدیلی کے لئے الیکشن ہی آئینی راستہ ہے، وہ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت خوش آئند ہے، عمران خان تو طالبان سے بھی مذاکرات کی بات کررہے تھے۔
اب انہیں وزیر اعظم نے بات چیت کی جو دعوت دی ہے وہ انہیں قبول کرلینی چاہیے، جمہوریت میں بات چیت کے ذریعے ہی مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کے لئے انتخابات ہی آئینی راستہ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری انقلاب کی بات کررہے ہیں لیکن پنجاب میں بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں اور پولیس والوں کے ساتھ بھی زیادتیاں ہورہی ہیں، انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ایک مذہبی اسکالر ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے مریدوں کو سیاست میں نہ گھسیٹیں اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو الیکشن میں حصہ لیں اور پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ یہ ملک اور تمام سیاسی جماعتوں کے مفاد میں ہے کہ وہ بات چیت کا راستہ اختیار کریں اور دھرنوں اور لانگ مارچ کا سلسلہ بند کردیں، امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا معاملہ وزیراعظم کے اختیار میں نہیں یہ ایک قانونی اور آئینی مسئلہ ہے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی تیسری قوت بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے، جس سے ملک مزید بحران کا شکار ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر فوج کی مدد اور حمایت کریں اور جو لوگ اپنے کارکنوں کو ایک ہفتے کا راشن لے کر اسلام آباد آنے کی باتیں کررہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ یہ راشن آئی ڈی پیز کو دے دیں، امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور انقلاب کا شور صرف لاہور میں ہے باقی پورا ملک پرسکون ہے۔
ملک کے کسی بھی حصے میں لانگ مارچ اور انقلاب کی باتیں کرنے والوں کوعوام کی حمایت حاصل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں نواز شریف کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسلم لیگ فنکشنل کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ہمارے کارکنوں کی زمینوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اور واٹر کورسز بند کئے جارہے ہیں۔