لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی سیاسی تصادم نے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہمیں ملک اور جمہوریت کے لیے تصادم سے گریز کرنا ہو گا۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو جلاؤ گھیراؤ جیسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جبکہ حکومت بیانات کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بند کرنا مسائل کا حل نہیں احتجاج کرنا حق ہے مگر بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاسی کشمکش پارٹیوں میں تصادم کا باعث بن رہی ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معاملات بند گلی میں جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مسائل حل نہ کرنے میں زیادہ کردار حکومت کا ہے۔