پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چودھری منظور احمد نے کہا ہے سابق صدر آصف علی زرداری کا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی مگر میں ایسا نہیں سمجھتا۔
الیکشن ٹریبیونل لاہور میں انتخابی عذرداری میں اپنی درخواست کی سماعت کے موقع پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 100دن کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ضروریات زندگی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوا م میں حکومت کے خلاف نفرت پیدا ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کی پالیسی کی وجہ سے قومی اداروں کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ شریف برادران اپنے فرنٹ مین کے ذریعے ایم سی بی کی طرح پی آئی اے بھی خریدنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نظریاتی بنیادوں پر استوار کرنے اور نوجوانوں کو پارٹی میں لانے کی ضرورت ہے۔