موجودہ حکومت ملازمتوں پر پابندی کا فی الفور نوٹیفیکیشن واپس لے، روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوان پہلے ہی خودکشیاں کر رہے ہیں، روحیل اکبر
Posted on July 3, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملازمتوں پر پابندی کا فی الفور نوٹیفیکیشن واپس لے، روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوان پہلے ہی خودکشیاں کر رہے ہیں موجودہ حکومت کا پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی پر پابندی نہ اٹھانے کا فیصلہ ظلم اور زیادتی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف غریب عوام کی غربت اور بے روزگاری کو ختم کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف روزگار کے محدود مواقع بھی عوام سے چھینے جا رہے ہیں۔
نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کا لولی پاپ دے کر انہیں قرضوں کے شکنجے میں پھنسانے کے خواب دیکھنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کی قابلیت کے مطابق انہیں روزگار فراہم کریں کیونکہ روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے مگر افسوس جمہوری حکومت عوام پر روزگار کے مواقع بند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور دیگر انفرادی منصوبوں پر کروڑوں اربوں روپے ضائع کرنے کی بجائے وفاقی صوبائی پنجاب حکومت ملازمتوں پر پابندی اٹھا کر نوجوانوں کو فی الفور ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کرے۔