لاہور (جیوڈیسک) وزیرمملکت برائے پانی ،بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھانا مجبوری ہے، موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کو کافی حد تک کم کر دیا، چند سالوں میں مکمل قابو پا لیں گے واپڈا ہاس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بجلی چوری اور کرپشن نے واپڈا کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے،سابقہ دور میں اس کا برا حال کیا گیا اب بھی خیبر، فاٹا، حیدر آباد اور بلوچستان میں ہزاروں کنکشن کنڈے پر چل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی بجلی چوری حق سمجھ کر کی جارہی ہے، اس کے خاتمے کیلئے ٹاسک فورس بنا دی ہے، ایف آئی اے اور پولیس بھی ساتھ دے گی، 300 بڑے نادہندگان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی گئِی ہے، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم، داسو ،گومل زم ڈیم اور کوئلے سے 5200 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائیگی۔