موجودہ پاکستانی سکواڈ ورلڈ کپ کی بدترین ٹیم ہے : جاوید میانداد

 Javed Miandad

Javed Miandad

لاہور (جیوڈیسک) سابق کپتان جاوید میانداد نے موجودہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ تاریخ کی بدترین ٹیم قرار دیدیا، کہتے ہیں کہ سلیکشن میں “من مانیاں ” کی گئیں اور زبردستی ایڈجسٹ کرنے کی بات سمجھ سے باہر ہے۔

اپنے ایک مضمون میں لیجنڈ جاوید میانداد نے موجودہ ٹیم کو ورلڈکپ کی بدترین ٹیم لکھ دیا ، بھارت سے 76 رنز کی بدترین شکست کے بعد پاکستان کے سابق لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں پر برس پڑے ، کہتے ہیں ورلڈکپ تاریخ کی کمزور ترین ٹیم نمائندگی کے لیے بھیجی گئی ، سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں میں کوئی دم خم نظر نہیں آتا ، قوم کو میگا ایونٹ میں گرین شرٹس سے امیدیں نہیں لگانی چاہیئیں ،جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی بدترین کارکردگی کا ذمہ دار سلیکٹرز کو ٹھہرا دیا ، انہوں نے کہا کہ قومی سلیکٹرز نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے من پسند کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

جاوید میانداد کہتے ہیں کہ میگا ایونٹ میں شعیب ملک ، اظہر علی اور ذوالفقار بابر کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر تھا ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھاری بھاری تنخواہیں لینے والے کرکٹ بورڈ کے شہزادوں نے عالمی کپ کیلئے سرے سے ہی کوئی تیاریاں نہیں کیں ، ٹیم انتظامیہ کو پتہ ہونا چاہیئے کہ یہ کوئی 5 میچوں کی سیریز نہیں کہ جہاں آپ تجربات کرتے پھریں اور خراب کارکردگی کے شکار کھلاڑیوں کو ایڈجسٹ کریں ، پاکستانی ٹیم کو اصل معنوں میں کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھنے والے تھنک ٹینک کی ضرورت ہے۔