اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری موجودہ سیاسی بحران کا حل نکالنے کے لیے متحرک ہو گئے جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو فون کیا۔
سابق صدر آصف زردری ملک کی موجودہ صورتحال اور سیاسی بحران کی بہتری کے لئے ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی، محمود خان اچکزئی اور مخدوم جاوید ہاشمی کو فون کیا جس میں ملکی موجودہ صورتحال اور سیاسی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال سمیت اس کے جلد سے جلد حل کرنے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر سیاسی رہنماؤں سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی کشیدگی کے ماحول میں بھی مذاکرات کے سوا کوئی چارہ نہیں لہذا فریقین کو مذاکرات پر توجہ دیتے ہوئے ضد اور انا کو ایک طرف رکھ کر فوری مذاکرات کر کے معاملا کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہئے۔