موجودہ سیزن کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار ٹن آم برآمد کیا گیا

Mango

Mango

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بتایا گیا ہے کہ موجودہ سیزن کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار ٹن آم برآمد کیا گیا جبکہ گذشتہ سال 83 ہزار ٹن آم برآمد کیا گیا تھا۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کمیٹی کو بتایا کہ اتھارٹی کی انتھک کوششوں کے باعث آسٹریلیا، لیبیا، جنوبی کوریا اور ماریشس کو آم برآمد کیا جا رہا ہے۔ ان ممالک میں بالخصوص جاپان میں پاکستانی آم کی مانگ میں بڑا اضافہ ہوا ہے جہاں 2015 ءمیں 81 میٹرک ٹن آم برآمد کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سینیٹر سیّد شبلی فراز نے کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکمیل کے بعد تازہ پھلوں اور سبزیوں کی برآمد میں مزید اضافہ ہو گا۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی پراڈکٹس کی نمائشوں میں لوگ زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا کہ ایسی نمائشوں سے نہ صرف پاکستانی پراڈکٹس کے فروغ میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اس سے بیرون ملک پاکستان کے بہتر تشخص کو بھی فروغ ملا ہے۔

سینیٹر کریم خواجہ نے کہا کہ افریقہ اور لاطینی امریکہ سمیت پاکستانی پراڈکٹس کیلئے دنیا کی نئی منڈیاں تلاش کی جائیں۔ وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت نے ہالینڈ کی ایک کمپنی سی بی آئی کو پاکستانی کمپنیوں کو تربیت دینے کیلئے کہا ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔