کراچی (جیوڈیسک) سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار مصباح الحق کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ آپ کو اس کی ذمہ داری ان خود ساختہ اسٹارز پر ڈالنی چاہیے جوکہ ایک میچ میں پرفارم کرتے ہیں تو اگلے تین مقابلوں میں بری طرح ناکام ثابت ہوتے ہیں پھر آپ کے پاس شاہد آفریدی ہیں جوکہ مدتوں سے ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس کے باوجود ہر گیند کو ہٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
جبکہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کی شارٹ بالز کے خلاف کمزوری دنیا بھر کے کرکٹرز پر عیاں ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ بات صرف اتنی سی ہے کہ پہلے مصباح اپنی بیٹنگ سے ٹیم کو مشکل سے نکال لیا کرتے تھے اور اب وہ اپنی فارم کی وجہ سے ایسا نہیں کر پار ہے، باقی چیزیں پہلے جیسی ہی ہیں۔