کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ نصاب کے ساتھ صحت مندانہ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ ذہنی تخلیق کو اُجاگر کرنے میں مدد دیتی ہے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اُس نے تعلیم کے ساتھ اسپورٹس کے ہر شعبے کو ترقی دیکر نوجوانوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کے زیر اہتمام تعلیمی اور کھیل کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر اور علمی میدان میں امتیازی پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو اور اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد نور نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر شعبہ طب کے ماہرین ،ڈاکٹرز ،طلباء و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ڈاکٹر سلمان فریدی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ہمارے نوجوانوں میں ہر فیلڈ خواہ وہ تعلیم کا شعبہ ہو یا اسپورٹس کا اپنا لوہا منوانا جانتے ہیں انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کو اولین ترجیح دیں اور تعلیم کے ساتھ اسپورٹس کے شعبے میں اپنی نمایاں کار کردگی کے جوہر کو سامنے لاکر اپنے مادر علمی اور ملک کا نام روشن کریں تقریب سے اپنے خطاب میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل اینڈ ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ جسمانی سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی میں وسیع مواقع موجود ہیں کالج کے طالب علموں میں اعلیٰ علمی قابلیت کے ساتھ صحتمندانہ سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مثالیاسپورٹس مین شپ موجود ہے۔
انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیمی حصول کے ساتھ صحت مندانہ ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں ڈاکٹر امیر علی شورو نے طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ اسپورٹس کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کار کردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا تقریب کے اختتام پر لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی ،لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو اور اسپورٹس کمیٹی کے چیئر مین ڈاکٹر شاہد نور نے تعلیمی و کھیل کے شعبے میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی کے طلباء و طالبات میں نمایاں کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات و اسناد سے نوازا۔