کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کسٹمز کا خودکار کلیئرنس سسٹم وی بوک ہفتے کی صبح 10 بجے سے ناکارہ ہوگیا، وی بوک کے بیٹھنے سے درآمدی و برآمدی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
متاثرہ ٹریڈ سیکٹر کا کہنا ہے کہ وی بوک سسٹم کے ناکارہ ہونے کی وجہ سے سسٹم میں پہلے سے موجود گڈز ڈیکلریشن سے متعلقہ طلب شدہ دستاویزات کی اپ لوڈنگ کا عمل رک گیا اور سسٹم میں درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس سے متعلق نئی گڈز ڈیکلریشن کی اپ لوڈنگ بھی رک گئی ہے، سسٹم کے ناکارہ ہونے کی وجہ سے ہفتے کو ایئرلائنز کے ذریعے برآمدی کنسائمنٹس کی بڑی تعداد کی ترسیل نہ ہوسکی جبکہ بحری جہازوں کے ذریعے بھی برآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل متاثر رہی۔
اسی طرح پاکستان پہنچنے والے درآمدی کنسائمنٹس کی بڑی تعداد کی کسٹم کلیئرنس متاثر رہی اور کسٹمزکلیئرنس میں تاخیر کے باعث ڈیمریج وڈیٹنشن کی صورت میں اضافی اخراجات کا بھاری بوجھ متعلقہ درآمد کنندہ کو برداشت کرنا پڑے گا۔ کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ندیم کامل نے بتایا کہ وی بوک میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے سبب ہفتے کی صبح سے درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس متاثر ہو رہی ہے۔
حکام ہفتے کو رات گئے تک سسٹم کے نقائص دور کرنے میں ناکام رہے، سسٹم بیٹھنے کی وجہ سے کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں تاخیرہورہی ہے جس کے نتیجے میں ٹریڈ سیکٹر کو ڈیمریج وڈیٹنشن کی صورت میں فاضل اخراجات کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
ندیم کامل نے ڈائریکٹرآف ریفارمز اینڈآٹومیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ وی بوک کسٹمز کلیئرنس سسٹم کے نقائص کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے متبادل نظام کا ماڈیول مرتب کریں تاکہ ٹریڈ سیکٹرکسٹمز کی سطح پر ہونے والی خرابیوں سے ہونے والے نقصانات سے بچ سکیں۔