پاکستان (جیوڈیسک) آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے کانٹے دار مقابلے میں پاکستان اپنی باولنگ اور بھارت بیٹنگ پر انحصار کرے گی۔ بھارت کے پاس دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں تو پاکستان بھی پیچھے نہیں ہے۔ محمد عرفان، جنید خان، وہاب ریاض، سعید اجمل اور محمد حفیظ حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی ٹیم بلے بازوں پر انحصار کرے گی۔ شیکھر دھون دو سینچریوں کے ساتھ بھرپور فارم میں ہیں۔ پاکستان کے لئے ان کی وکٹ اہم ہوگی۔
دنیش کارتھک بھی بھارت کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی ہیں انہیں قابو میں کرنا ضروری ہوگا۔ کارتھک نے دو میچز میں پینسٹھ کی اوسط سے رنز بنا کر پاکستان کو خبردار کردیا ہے۔ روہت شرما بھی پاکستان کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔ روہت دو میچز میں دو سینچریاں جڑ چکے ہیں اور وہ پاکستانی بولرز کو بھی ناکوں چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
بھارتی باولنگ کی بات کریں تو رویندر جدیجا پاکستانی بلے بازوں کیلئے خطرناک ہوسکتے ہیں۔ جدیجا دو میچز میں سات وکٹیں لے اڑے ہیں جس میں پانچ وکٹیں ان کی بہترین بالنگ ہے۔ بھونیشور کمار، ایشانت شرما اور امیش یادو بھی بھارت کے اہم بولرز ہیں۔
پاکستان کی بات کریں تو قومی کھلاڑیوں کا اس ایونٹ میں اب تک کوئی جادو نہ چل سکا۔ لیکن پاکستانی بولرز میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد عرفان اور جنید خان کی گھومتی ہوئی گیندیں بھارتی بلے بازوں کو گھما سکتی ہیں۔ سعید اجمل کی اسپن کا جادو چل گیا تو بھارتی بیٹسمین پویلین چلتے دکھائی دیں گے۔