،لاڑکانہ (جیوڈیسک) گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی (ش ب ) کے سابق چیئرمین شہید میر مر تضیٰ بھٹو کی 18 ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام سے منائی گئی، پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی جانب سے گڑھی خدابخش میں مزار کے با ہر جلسے سےمحترمہ غنوی بھٹو کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش میں شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی 18 ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی ،پیپلز پارٹی (ش ب) کے ہزاروں کارکنوں نے شہید میر مر تضیٰ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں ،پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن محترمہ غنویٰ بھٹو نےجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے امیروں نے اسلام آباد کےڈی چوک پر جو جنگ چھیڑ رکھی ہے وہ اقتدار کی جنگ ہے، غریبوں کے حقوق کی نہیں، یہ اقتدار کے بھوکے ہیں جو غریبوں کے نام پر لڑائی کر رہے ہیں، یہ امیروں کی لڑائی ہے،حکمرانوں نے ملک میں ہر چیز امیروں کے نام کردی ہے۔
غریبوں کا اس ملک میں کچھ بھی نہیں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیلاب زد گان کی ایمانداری کے ساتھ امداد کی جائے،لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق غنویٰ بھٹو نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو اپنی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے چلائی جانیوالی تحریکیں کنٹینروں میں بیٹھ کر نہیں چلائی جاتیں ،عوامی قیادت چارپائی پر بیٹھ کر بھی عوام سےخطاب کرسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم 18 سال سے شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے معاملے پر انصاف مانگ رہے ہیں لیکن انصاف نہیں مل رہا اور نہ ہی اس واقعے پر سپریم کورٹ کے کسی جسٹس نے ازخود نوٹس لیا، قبل ازیں شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کی جانب سے بھٹو ہائوس نوڈیرو میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں بڑی تعداد میں پی پی پی کے رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی، قرآن خوانی کے بعد اجتماعی دعا مانگی گئی جبکہ لنگر بھی تقسیم کیا گیا، علاوہ ازیں جھڈو میں بھی شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی برسی کے موقع پرراجپوت ہائوس پر فاتحہ خوانی کی گئی۔