ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) ڈیرہ غازی خان میں دو بچوں کی ماں سے موبائل فون برآمد ہونے پر پنچایت نے سنگسار کرنے کا حکم دے دیا، چچا اور رشتے داروں نے خاتون کو سر عام پتھر اور اینٹیں مار مار کر ہلاک کر دیا۔ بستی قائم والا کی رہائشی دو بچوں کی ماں عارفہ بی بی سے موبائل فون برآمد ہونے پر چچا اور رشتے داروں نے پنچایت بلا لی پنچایت نے فیصلہ کیا کہ خاتون کو اینٹیں اور پتھر مار کر سنگسار کیا جائے۔
جس پر لڑکی کے چچا اور رشتے داروں نے پنچایت کا فیصلہ مانتے ہوئے دو بچوں کی ماں عارفہ بی بی کو گھر کے باہر ویرانے میں لے جا کر اینٹیں اور پتھر مارے جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔
متاثرہ لڑکی کے کزن علی محمد اور ماموں زاد بھائی محمد یوسف نے ذرائع کو بتایا کہ پنچایت کے حکم پر خاتون کو سنگسار کر دیا اور خاتون کے کسی رشتے دار کے بتائے بغیر دفنا دیا گیا۔ پولیس نے تین پنچایتیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔