ڈی جی رینجرز کا فیصل آباد جیل کا دورہ، حفاظتی اقدامات کا جائزہ

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک)ڈی جی رینجرز نے جیلوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے حوالے سے فیصل آباد جیل کا دورہ کیا اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ پنجاب کی تین جیلوں میں رینجرز جوانوں کی تعیناتی مکمل ہو گئی ہے۔ پنجاب رینجرز ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز پنجاب ہلال حسین فیصل آباد جیل پہنچے توآئی جی جیل پنجاب فاروق نذیراورڈی سی اوفیصل آباد نجم شاہ نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز ہلال حسین کو رینجرز اورجیل پولیس نے جیل کی سیکیورٹی بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈی جی رینجرز ہلال حسین نے جیل میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اوراس حوالے سے ہدایات بھی دیں۔ پنجاب رینجرز ذرائع کے مطابق رینجرز کے جوانوں کی اڈیالہ، ڈی جی خان اورفیصل آباد جیلوں میں تعیناتی مکمل ہو گئی ہے۔ رینجرز جیل پولیس کودہشت گردی سے نمٹنے کے لئے جدید تربیت بھی دے گی۔