ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) میں کشتی دنگل کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان پہلوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملا۔ ڈی آئی خان کشتی کے مقابلوں کا انعقاد حقنواز پارک میں کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور نواحی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان پہلوانوں نے دائو پیچ اور پھرتی کا مظاہرہ کرکے تماشائیوں سے خوب داد سمیٹی۔
منتظمین کے مطابق ایسے مقابلوں کے انعقاد سے دم توڑتے فن پہلوانی کو فروغ ملنے کے ساتھ نوجوانوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ شائقین کشتی کا کہنا ہے کہ ابھرتے ہوئے پہلوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں۔ سہولیات کی فراہمی اور حکومتی سرپرستی سے یہ دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔