ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) سنٹرل جیل پر حملے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں دو روز بعد کرفیو اٹھا لیا گیا۔ سوموار اور منگل کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان کی سنٹرل جیل پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں کرفیو فافذ کرکے دونوں اضلاع کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا۔
کرفیو کے نفاذ کے دوران پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیے تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
دو روز کرفیو نافذ رہنے کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو گئی تھی اور شہری گھروں میں محبوس ہر کر رہ گئے تھے۔ آج صبح 6 بجے دونوں اضلاع میں کرفیو ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔