داعش نے عراق کے شہر سنجار پر قبضہ کرلیا، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

Iraq

Iraq

بغداد (جیوڈیسک) شدت پسند تنظیم داعش نے عراق کے شہر سنجار سمیت تین قصبات ، موصل ڈیم اور آئل فیلڈ پر قبضہ کر لیا۔ شہر سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کر گئے۔

شام کی سرحد اورعراقی شہر موصل کے درمیان واقع شہر سنجار داعش کے دہشت گردوں اور کردش فورسز کے درمیان دو روز تک میدان جنگ بنا رہا۔ فورسز کے پسپا ہونے کے بعد داعش سرکاری عمارتوں پراپنا سیاہ پرچم لہرادیاہے۔

شدت پسندوں نے عراق کی ایک اور آئل فیلڈ کے علاوہ سب سےبڑے موصل ڈیم پر قبضہ کر لیا ہے۔ موصل ڈیم سے منسلک پاور پلانٹ پربھی داعش کاجھنڈا لہرا دیا گیا ہے۔

اس تیز رفتار پیش رفت کے بعد شدت پسند اس پوزیشن میں آگئے ہیں کہ جب چاہیں کئی شہروں کو بجلی سے محروم کر دیں اور چاہیں تو ان شہروں کو سیلاب میں غرق کر دیں۔

سنجار اور دیگر قصبوں پر داعش کے قبضے کے بعد کردش اقلیت سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بڑی تعدادمیں لوگوں کے بے گھر ہونے سے خطے میں انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔