نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 69 واں اجلاس جاری ہے ، اجلاس سےاب تک براک اوباما اور ڈیوڈ کیمرون سمیت کئی عالمی رہنما خطاب کر چکے ہیں ، اجلاس میں دہشتگرد تنظیم داعش اور اس کے خلاف کارروائیاں موضوع بحث رہیں۔
امریکی صدر براک اوباما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی اسلامی ریاست کےخلاف طاقت کا استعمال ضروری ہے ، عالمی برادری اوراسلام سمیت دنیا کے دیگر مذاہب ان کا مقابلہ کرنے کیلئے ڈٹ جائیں۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب برطانیہ کو بھی داعش کے خلاف کارروائی کیلئے اتحادی ممالک کا ساتھ دینا چاہئے۔
جنرل اسمبلی کےاجلاس سے فرانسیسی صدر فرانسوا اولاندے ، ترک صدر طیب اردوان ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی،اردن کے شاہ عبداللہ سمیت کئی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ دوسری طرف سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشتگردوں کوبیرون ملک کارروائیوں سےروکنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ تمام ممالک اپنے شہریوں کیلئے سخت قوانین کا نفاذ کریں ، تاکہ ان کو دہشتگردوں کی مالی معاونت اور ساتھ دینے سے روکا جاسکے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا ، جس میں 140 سے زائد سربراہان مملکت نے شرکت کی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے اجلاس کے انعقاد کی معاونت پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔