بنگلور (جیوڈیسک) عراق اور شام میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار جنگجو تنظیم داعش کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھارت سے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بنگلور کا رہائشی مہدی گزشتہ ایک سال سے داعش کا ٹویٹر اکاؤنٹ کامیابی کے ساتھ چلا رہا ہے اور اس کے اکاؤنٹ پر داعش کی تمام تازہ ترین تصاویر اور معلومات اپ ڈیٹ ہوتی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مہدی ایک بین الاقوامی اشتہاری کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اور بنگلور میں اپنے خاندان کے ہمراہ رہائش پزیر ہے۔
ایک برطانوی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں مہدی کا کہنا تھا کہ اگر اسے موقع ملتا تو وہ ہر چیز چھوڑ کر داعش میں شامل ہو چکا ہوتا لیکن یہاں میرے خاندان کو میری ضرورت ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کا برطانوی جہادیوں سے بھی رابطہ ہے اور وہ سر قلم کرنے پر بھی یقین رکھتا ہے۔
برطانوی ٹی وی کی رپورٹ کے بعد سی آئی اے کی ٹیم مہدی کی تلاش میں بھارت پہنچ گئی ہے۔