ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا تاہم دبنگ خان فلم کے منافع میں سے 50 فیصد وصول کریں گے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا شمار بھارتی فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر کھاچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم میں ان کا نام ہی کامیابی کا ضامن سمجھا جاتا ہے جب کہ فلم نگری میں دبنگ خان اپنی دوستی کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں اسی لیے انہوں نے سورج بھرجاتیا کی فل م’’پریم رتن دھن پایو‘‘میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اور نامور فلمساز سورج بھرجاتیا کے درمیان دوستی کافی طویل عرصے سے قائم ہے اور دونوں نے اب تک 3 فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے جس میں فلم ’’میں نے پیارکیا ‘‘، ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ اورہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘شامل ہیں جب کہ بالی ووڈ اسٹار نے اپنے دوست اور فلمساز سورج بھرجاتیا سے نئی آنے والی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا تاہم دبنگ خان فلم کے منافع میں سے 50 فیصد حصہ وصول کریں گے اور فلمی پنڈتوں نے فلم کی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کی امید کی ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ 12 نومبر کو ریلیز کی جائے گی جب کہ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور مرکزی کردار ادا کریں گے۔