کراچی : تحریک انصاف کے رہنما و انصاف جفاکش ورکرز فیڈریشن سندھ کے چیئرمین سید بھاشانی شاہ نے کہا ہے کہ ایسا لگتاہے کہ سندھ کے ہسپتال مریضوں کی تکلیف دور کرنے کے بجائے ان کی تکالیف میں اضافے کے لیئے بنائے گئے ہیں، سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کی صورت حا ل کو بہتر بنانے کے لیئے پالیسیاں بنائیں تا کہ مریضوں کا بروقت علاج ہوسکے، پورے سندھ میں تعلیم اور صحت کے محکموں کے ساتھ بھی یہی ہور ہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، سید بھاشانی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی ہے کہ مریضوں کو ضروری دوائیں ، سرجیکل آلات اور دیگر سامان پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز اور مہنگی فارمیسی سے خریدنی پڑتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں بھوک اور غذائی قلت سے بچے مر رہے ہیں نہ کھانے کو کچھ ہے نہ ہی علاج معالجے کے لیئے، سندھ حکومت کو عوامی مسائل اور پریشانیاں نظر نہیں آتی۔
حکومت سندھ کے تمام وزراء لوٹ مار میں مصروف ہیں ، پیپلز پارٹی گزشتہ گیارہ سال سے زیادہ عرصہ سے صوبہ سندھ میں اقتدار میں ہے اور ان سارے عرصے میں انہوں نے سندھ کو بے حال کردیا ہے، سندھ کو تباہ و برباد کردیا ہے، ترقیاتی منصوبے، فلاحی منصوبے، تعمیراتی منصوبے، غرضیکہ کوئی ایسا منصوبہ یا شعبہ نہیں جس میں حکومت سندھ کی کرپشن کی داستانیں نہ رقم ہوں ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تو غریبوں اورمسکینوں کے لیئے شروع کیے جانے والے منصوبوں کو بھی نہیں بخشا اس میں بھی لوٹ مار کی اور بڑے بڑے افسروں نے لوٹ مارکی، اس وقت سندھ میں شعبہ صحت کا یہ عالم ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں نہ دوائیاں ہیں اورنہ ہی ڈاکٹر، سندھ کے شہروں میں نہ جانے کتنے لوگ کتے کے کاٹے کی ویکیسن نہ ہونے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنے کی بجائے سندھ میں اپنی ذمہ داریوں پر دھیان دے جہاں لوگ بھوک اور بیروزگاری سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور حکومت سندھ کے لوگ غریب لوگوں پر ظلم و زیادتیاں کر رہے ہیں۔