ڈیلس (جیوڈیسک) ڈیلس میں پاکستان پیپلز پارٹی نارتھ ٹیکساس کی جانب سے پیپلز پارٹی کی شہید چیئرمین محترمہ بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
اس سلسلے میں ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں‘ سیاسی‘ سماجی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں ڈاکٹر فریحہ قاضی سومرو‘ سید قیاض حسن‘ ڈاکٹر نسرین زاہد خانزادہ‘ عکرمہ خان‘ غلام نبی کلوڑ نے خطاب کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان میں صحیح طور جمہوریت کے قیام کے لئے جدوجہد میں مصروف تھیں کہ ان کو شہید کر دیا گیا،پیپلز پارٹی پاکستان کی وہ واحد پارٹی ہے جس کے نہ صرف کارکنوں بلکہ اس کے لیڈروں نے بھی جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور آج پاکستان میں جو جمہوریت ہے اس میں شہید بے نظیر بھٹو سمیت پاکستان کے سینکڑوں شہداء کا خون شامل ہے۔ تعزیتی تقریب میں مقامی ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنماء ٹیری ڈیبرا نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ انہوں نے محتر مہ بے نظیر بھٹو کے خطاب کو یہاں ان کے دورہ آرلنگٹن یونیورسٹی کے دوران سنا اور وہ ان کی کرشماتی شخصیت اور ان کی بھرپور جدوجہد سے بہت متاثر ہوئیں۔
انہوں نے کہاکہ بینظیربھٹو جیسے لیڈر صدیوں میں جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں ہی امن کا قیام ممکن ہو سکتا ہے اور محترمہ کی زندگی نہ صرف پاکستانیوں بلکہ بین القوامی دنیا کے لیڈروں کے لئے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں سینئر صحافی راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ ضمیر سومرو‘ امتیاز پیرزادہ‘ عمران پیرزادہ اور دیگر نے بھی محترمہ بے نظیربھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محتر مہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد تاریخ میں سنہری الفاظ میں رقم کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیاگیا مگر ان کی سوچ‘ ان کا مشن اور ان کا پیغام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا۔ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ان کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ مقامی پیپلز پارٹی کے رہنماء سید فیاض حسن کی جانب سے آنے والے حاضرین کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ اس موقع پر نیاز و لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ریاست ٹیکساس کے دوسرے بڑے ہیوسٹن میں بھی اس طرح محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کا اہتمام کیا گیا۔
جس میںعمائدین شہر‘ سیاسی‘ سماجی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہیوسٹن کے صدر سید ریاض حسن نے آنے والے افراد سے اظہار تشکر کیا۔ امریکا کی دیگر ریاستوں میں بھی پیپلز پارٹی کی مقامی تنظیموں کی جانب سے تعزیتی پروگرام منعق ہوئے۔ اس ضمن میں سب سے بڑی تقریب پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر شفقت تنویر کی جانب سے نیو یارک میں منعقد کی گئی جس میں متعدد پارٹی رہنمائوں‘ جیالوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔