ڈیلس: مسلمان بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے یوتھ کیمپ

 Youth Camp

Youth Camp

ڈیلس (جیوڈیسک) ڈیلس فورٹ ورتھ کے علاقوں میں رہائش پذیر مسلمان بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے مدینہ مسجد کیرالٹن اور مکہ مسجد گارلینڈ کے زیرانتظام دو روزہ یوتھ کیمپ کا انعقاد مدینہ مسجد کیرالٹن میں کیا گیا جس میں 100 سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والے بچوں کی عمریں 12 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔

اس سلسلے میں مدینہ مسجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ پروگرام کو انتہائی منظم طریقہ سے ترتیب دیا گیا جس کیلئے آرگنائزروں کی جانب سے آنے والے طالب علموں کیلئے رجسٹریشن کیلئے خصوصی بوتھ لگائے گئے تھے۔ بچوں کو ان کی عمروں کی مناسبت سے 5 علیحدہ کمرے مخصوص کئے گئے تھے جس میں دو دن قیام کا بندوبست کیا گیا تھا۔ مذکورہ تیسرے سالانہ یوتھ کیمپ میں اس سال کیلئے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے ”مسلمان بچوں کا امریکہ میں مستقبل“ کے موضوع پر مقالات پڑھے اور لیکچر دئیے جنہیں موجود تمام طالب علموں نے انتہائی توجہ سے سنا۔ مقررین میں ڈاکٹر اُکیل‘ ڈاکٹر ناصر ذکی‘ اٹارنی جینٹ اور حبیب ایوب شامل تھے۔ یوتھ کیمپ میں شریک بچوں کو اذان و اقامت‘ نماز پڑھنے کا عملی طریقہ‘ قرآن کریم کے آخری سپارہ میں آخری 10 سورتیں تجوید کے ساتھ سکھائی گئیں۔

اس موقع پر قاری فضل رسول نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کیمپ میں موجود بچوں نے تمام نمازیں باجماعت ادا کیں جبکہ جمعہ مبارک کے موقع پر بچوں نے نماز جمعہ سے قبل مختلف اسلامی چیزیں پیش کیں جس میں تلاوت محمد عبدالرحمن نے‘ اذان و اقامت فرزان نے اور تقاریر خاقان احمد اور بلال احمد نے پیش کیں۔ یوتھ کیمپ میں شریک بچوں کیلئے انواع و اقسام کے کھانے بنائے گئے تھے جس کو انہوں نے بڑے شوق سے کھایا۔ اس موقع پر طالب علموں کے والدین کا کہنا تھا کہ مدینہ مسجد اور مکہ مسجد کی جانب سے گزشتہ 3 سال سے اسپرنگ بریک کے دوران یہ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے جس سے ہر سال بڑی تعداد میں نوجوان بچے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔

اس موقع پر والدین کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی جنہوں نے اسلامی تعلیمات اور اسلامی احکامات‘ فرائض اور سنتوں کی ادائیگی کے عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اس موقع پر کئی والدین کی آنکھیں خوشی اور شدت جذبات سے اشکبار ہو گئیں اور بے ساختہ انہوں نے اپنے بچوں کو شاباش اور پیار بھی کیا۔ اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر معروف عالم دین علامہ بابر رحمانی تھے جبکہ انہوں نے اس موقع پر دیگر مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مذکورہ یوتھ کیمپ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا جن میں علامہ سراج مصباحی‘ شعیب خان‘ غلام جہانگڑا‘ مشتاق حبیب‘ حاجی قاسم‘ ڈاکٹر اُکیل‘ ڈاکٹر ناصر ذکی‘ بشیر نیوالہ‘ سلمان تابانی‘ محمد بابر‘ ندیم شیخ‘ کامران ‘ ذیشان ‘ پرویز عالم شامل ہیں جبکہ متعدد رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پروگرام میں بھرپور مدد فراہم کی۔