دمشق (جیوڈیسک) دمشق میں جھڑپیں جاری، ایک ہلاک متعدد زخمی، 200 شامی شہری مسجد میں محصور ہو گئے۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں تازہ جھڑپوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ شامی باغیوں کا کہنا ہے کہ ایک مسجد میں قریب 200 عام شہری محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
حقوق انسانی کے لئے شامی مبصر گروپ کے مطابق دمشق کے تین اضلاع میں تازہ جھڑپوں کے دوران ایک اور شخص ہلاک ہوگیا ہے جبکہ کئی زخمی ہیں۔ مبصر گروپ نے مسجد میں محصور ہو جانے والے افراد کے بارے میں یہ نہیں بتایا کہ یہ لوگ پناہ کی خاطر مسجد میں داخل ہوئے تھے یا پہلے سے ہی مسجد کے اندر عبادت کی غرض سے موجود تھے۔
قبل ازیں خانہ جنگی کے شکار اس عرب ملک کے سب سے بڑے شہر حلب میں دمشق حکومت کے مخالف باغیوں کے دو حریف گروپوں کے مابین بھی لڑائی شروع ہو گئی تھی۔ مقامی باشندوں اور شامی مبصر گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ باغیوں کے دونوں حریف گروپوں کے مابین تصادم گزشتہ روز شروع ہوا۔
ان میں سے ایک گروپ اپوزیشن کے ان جنگجوئوں کا ہے جنہیں مغربی ملکوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ دوسرا گروپ القاعدہ سے قربت رکھنے والے ان جنگجوں کا ہے، جو خود کو اسلامک اسٹیٹ آف عراق سے آنے والے جنگجو قرار دیتے ہیں۔