دمشق میں روضہ مبارک سیدہ زینب کے روضہ مبارک پر حملے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی احتجاجی ریلی

اسلام آباد : دمشق میں روضی سیدہ زینب سلام اللہ علیہاپر ہونیوالے راکٹ حملے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی جانب ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی، امام بارگاہ جی سکس ٹو تا پریس کلب نکالی جانیوالی اس ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے راہنمائو ں علامہ اصغر عسکری، ملک اقرار حسین، سید ظہیر عباس اور سعید الحسن رضوی و دیگر اکابرین نے کی، ریلی میں ایم ڈبلیو ایم اور اسلام آباد کی تمام ماتمی تنظیموں و انجمنوں کے نمائندگان سمیت خواتین و بچوں کی بڑی تعد اد شریک تھی۔

شرکائے ریلی نے بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اسرائیل اور ان کے ہمنوا مسلم ممالک کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے دمشق میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس پر حملے کی پر زور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستا ن صیہونی ایجنٹوں کی ا س ناپاک جسارت کی سرکاری سطح پر مذمت کرے۔

اس موقع پر پیش کی جانی والی قرادادوں میں مْقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانیوالی قرآن پاک اور مسجد کی بے حرمتی کی مذمت کی گئی، قرار داد میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ نے ان واقعات کی رسمی مذمت کی ہے اسے شام میں باغی دہشت گردوں کی کاروائیوں کے حوالے سے اپنا واضح موقف پیش کرنا ہو گا، ایک اور قراداد میں مطالبہ کیا گیا کہ دمشق میں سیدہ زینب کے مزار اقدس کی بے حرمتی کے خلاف تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے تشخص کا ثبوت دیتے ہوئے بے حرمتی کے مرتکب دہشت گردوں سے بیزاری کا اعلان کریں۔

اسلامی نظریاتی کونسل، معتمر العالم الاسلامی اور دیگر مذہبی تشخص رکھنے والے قومی ادارے اس المناک واقعہ کے خلاف اپنا موثر کردار ادا کریں اور اپنا موقف واضح کریں۔ قرار داد میں شام میں مزارات مقدسہ پر حملوں کی پر زور مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔