دمشق: اقوام متحدہ کی ٹیم کی گاڑی پر اسنائیپرز کی فائرنگ

Damascus

Damascus

کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعمال کی تحقیق کرنے والی اقوام متحدہ کی ٹیم پراسنائیپرز نے دمشق میں فائرنگ کر دی۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ شام میں کسی بھی قسم کی فوجی کاروائی عالمی برادری کے فیصلے کے بعد کی جائیگی۔ شام کی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ حملے کے بعد عالمی برادری فوجی کاروائی پر غور کر رہی ہے۔

شامی حکومت نے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت تو دی لیکن انکی گاڑی پر اسنائیپرز نے فائرنگ کردی۔ ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق معائنہ کاروں کی گاڑی کو نامعلوم مقام سے نشانہ بنایا گیا۔ جس سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ اقوام متحدہ نے اس واقعے کے بعد تحقیقات کا عمل روک دیا۔ اس سے قبل دمشق میں اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کے ہوٹل کے نزدیک مارٹر بموں سے حملہ بھی کیا گیا تھا۔

امریکا نے شام کے خلاف فوجی کاروائی کیلئے اپنے اتحادیوں برطانیہ اور فرانس سے رابطے کئے ہیں۔ فرانس کا کہنا ہے کہ شام کے خلاف ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ روس نے فوجی مداخلت کی مخالفت کی جبکہ ترکی کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں شام سے متعلق فیصلہ نہ ہوا تو شام کے خلاف بننے والے اتحاد کا ساتھ دیں گے۔