بیروت (جیوڈیسک)شام کے دارالحکومت دمشق کے شمال مشرق میں واقع قصبے ڈوما میں شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے۔حقوق انسانی کے لئے شامی مبصر گروپ کے مطابق 10 شہری ڈوما قصبے میں سرکاری فوجیوں کی شیلنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔
اس سے قبل گروپ نے قصبے پر فضائی بمباری کی اطلاعات دی تھیں۔ گروپ نے قریبی قصبے معادمیت الشام میں فضائی حملوں اور ٹینکوں سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دارالحکومت کے ضلع برزے میں شیلنگ کی بھی اطلاعات دی تھیں جو مسلسل تین روز سے فائرنگ کی زد میں ہے۔ مبصر گروپ کے مطابق جمعہ کے روز علاقے میں حکومتی اور باغی فورسز کے درمیان دو سال سے زائد عرصے میں بدترین لڑائی دیکھی گئی۔
دارالحکومت کے شمال مشرق میں یہ ایک رہائشی علاقہ ہے اور دو حصوں میں تقسیم۔ اس کے ایک طرف حکومت کا کنٹرول تھا اور دوسری طرف باغی فورسز کا۔ مزید برآں سرکاری فورسز نے دمشق اور حلب صوبے کے کچھ حصوں پر فضائی حملے کئے اور جنوبی درعہ علاقوں میں بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ مبصر گروپ کے مطابق جمعہ کے روز تشدد میں کم از کم 127 افراد ہلاک ہوئے تھے۔