دمام (جیوڈیسک) سعودی عرب کے شہر دمام میں سینکڑوں پاکستانی اقامے کی معیاد ختم ہونے پر رُل گئے، متاثرین کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو گئیں ، سحری اور افطاری میں صدقہ خیرات کا کھانا کھانے پر مجبور ہیں ، دوائی کیلئے بھی پیسے نہیں ، بزرگ افراد کی حالت بھی ابتر ہے۔
سعودی کے شہردمام میں سینکڑوں پاکستانی اقامے کی معیاد ختم ہونے پر مشکلات سے دوچار ہیں، متاثرین کو سحری اور افطاری میں پریشانی کا سامنا ہے وہ صدقے کا کھانا کھانے پر مجبور ہیں۔
متاثرین بے یارو مدد گار رات کھلے آسمان تلے زندگی گذار رہے ہیں ، انہیں پینے کا پانی بھی میسر نہیں اور نہ ہی بیماری صورت میں کوئی ڈاکٹر موجود ہے۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی مدد کریں اور انہیں یہاں سے نکالیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ یہاں پر ایک ہزار کے قریب ملازمین کی حالات زار پر رحم کیا جائے اور ان کی گھروں کو واپسی ممکن بنایا جائے تاکہ وہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ کر سکیں۔
دنیا نیوز نے اس معاملے کو تین دن پہلے اٹھایا جس پر دفتر خارجہ نے نوٹس لیا ، لیکن ابھی کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہو سکی اور دن بدن متاثرین کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔