چھوٹے ڈیموں سمیت 48 ارب روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبے منظور

dam

dam

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے ڈیمز کی تعمیر سمیت 48ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جس میں آبی وسائل، ماحولیات، ٹرانسپورٹ، کمیونی کیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن، زراعت، خوراک، گورننس اور ماس میڈیا سے متعلق متعدد منصوبے شامل ہیں۔

سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیرصدارت ہوا، 37ارب روپے کے 2 منصوبے ایکنک کو منظوری کے لیے بھی بھیجے گئے، اجلاس میں مانسہرہ میں 2 ارب 85کروڑ کی لاگت سے سیران رائٹ بینک کینال کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی، اس منصوبے سے خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں کی سماجی و معاشی حالات کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، 27 ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان میں واٹر ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کے منصوبے کو ایکنک میں بھیج دیا گیا۔

اس منصوبے سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور زمینوں کو سیراب کرنے میں مدد ملے گی جب کہ سندھ میں سیلاب سے بچاؤ اور آبپاشی کے لیے 10ارب روپے کی لاگت سے چھوٹے ڈیم بنانے کی منظوری دی گئی اور اس منصوبے کو بھی ایکنک میں بھیج دیاگیا ہے، 29کروڑ روپے کی لاگت سے اٹک کو چکوال سے ملانے کے لیے دریائے سوان پر پل کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، پل کی تعمیر سے اٹک سے چکوال تک 50کلو میٹر کے فاصلے میں کمی ہو جائے گی۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ باہمی معاہدوں کے تحت اکیڈمک اور ریسرچ میں اسکالر شپ کے 44 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، اس منصوبے کے تحت کیوبا، ہنگری وغیرہ کے طلبا کو اسکالرشپ دی جائیگی، اس منصوبے کے تحت 240 پاکستانی طلبا بھی ہنگری میں اسکالرشپ حاصل کر سکیں گے۔

کراچی میں داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے لیے 58 کروڑ روپے، 41کروڑ روپے کی لاگت سے سردار بہادر خان خواتین یونیورسٹی کوئٹہ میں اسکول آف پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے قیام، اعلی تعلیم کے لیے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور میں انوویشن سینٹر اور انوویشن پارک کے قیام کے لیے 3 ارب روپے ، یونیورسٹی آف بلوچستان میں 14کروڑ روپے کی لاگت سے شعبہ منرالوجی میں توسیع اور سہولتوں کی فراہمی، 29کروڑ روپے کی لاگت سے یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ میں پاکستان اسٹڈی سینٹر میں سہولتوں کی فراہمی، شعبہ خوراک وزراعت کے58کروڑ مالیت کے غذائی پروجیکٹ فیز 2، ماس میڈیا کے شعبے میں چین پاکستان تبادلہ پروگرام کے تحت 1ارب روپے اور دیہی معیشت سینٹر کے 1ارب 12 کروڑ روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔