رقاصہ مہر حسن امریکی این جی او سے ملکر خواتین کیلیے کام کرینگی

Maher Hasan

Maher Hasan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ ورقاصہ مہر حسن نے امریکا کی ایک این جی او ’’ انٹرنیشنل نیٹ ورک فاردی فی میل وکٹمز آف وائلنس ان پاکستان ‘‘ (آئی این آر ایف ڈبلیو پی ) کے ساتھ مل کرجنسی تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کے لیے کام شروع کر دیا۔

انھوں نے حال ہی میں میوزک اور رقص کے ذریعے ایک نیا پروگرام متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے این جی اومیں لائی جانیوالی خواتین کے علاج کے ساتھ تربیت بھی دی جاتی ہے۔ امریکا سے فون پربات کرتے ہوئے مہر حسن نے بتایا کہ امریکا اور بھارت میں اداکاری کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری ہے لیکن میں نے اپنی فنی صلاحیتوں کے ذریعے ایسی خواتین کے علاج کا نیا پروگرام متعارف کروایا ہے جس سے تیزی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین میں بہتری آرہی ہے۔

میرے اس پروگرام کوامریکی حکومت نے بھی سراہا ہے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انھوں نے بتایاکہ میں ہفتے میں تین دن امریکی این جی اومیں وقت دیتی ہوں جہاں جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین جواپنا تشخص کھوبیٹھتی ہیں کو میوزک اور رقص کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کی مدد سے زیرعلاج خواتین کے رویوں میں خاصی تبدیلی آئی ہے اوروہ اب بہتر محسوس کررہی ہیں۔