اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے ہم ڈنڈا بردار شریعت کو نہیں مانتے، ہم نے صوفی محمد، لال مسجد والوں اور طالبان کی ڈنڈا بردار شریعت قبول نہیں کی، ان کی ڈنڈا بردار سیاست کیسے مان لیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ نا منظور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، طالبان سے مذاکرات کیے،ان سیاسی طالبان سے بھی مذاکرات کر رہے ہیں۔
جس طرح طالبان سے کی گئی اسی طرح سیاسی طالبان سے بھی سختی کرنا پڑیگی۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں زبردستی خود کو اور اپنے پسندیدہ نظام کو ہم پرلانا چاہتے ہیں۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ اسلام جمہوریت کے ذریعے ہی رائج ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ انقلاب کی رات لیلۃ القدر سے بڑی کیسے ہو سکتی ہے۔