ممبئی (جیوڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم دنگل نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان ہی کی فلم پی کے نے 340 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی جبکہ فلم دنگل کی اب تک کی باکس آفس کلیکشن 341.96 کروڑ روپے ہے، جس نے اسے سب سے کامیاب بالی ووڈ فلم بنا دیا ہے۔
فلمی تجزیہ کار ترن آدرش کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں پی کے دوسرے، بجرنگی بھائی جان تیسرے، سلطان چوتھے اور دھوم تھری پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان سے جب فلم دنگل کی کمائی کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں باکس آفس نمبروں پر یقین نہیں رکھتا، مجھے فلمی شائقین کے ردعمل سے سروکار ہے کہ وہ اس فلم کو کتنا پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری نمبروں میں کوئی دلچسپی نہیں، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ میری فلم دنگل لوگوں کے دلوں کو چھو لے۔ واضح رہے کہ فلم دنگل سابق بھارتی پہلوان مہاویر سنگھ پھوگٹ اور ان کی صاحبزادیوں کی زندگی پر مبنی حقیقی کہانی ہے، جسے عامر خان پردہ سمیں پر لائے ہیں۔