نامعلوم خطرناک ڈاکو دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک

Kasur

Kasur

قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی پی اوقصور سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ تھانہ سٹی پھولنگر پولیس نے بروقت کا روائی کرتے ہوئے ملتان روڈ ڈھاباں سٹاپ کے قریب بس ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی اور نامعلوم خطرناک ڈاکو دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔ڈی پی اوقصور نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر نورمحمد ہمراہ دیگر ملازمان بسلسلہ گشت نزد ڈھا باں سٹاپ موجود تھے کہ ملتان روڈ سے ایک بس اور جیپ کچا راستہ پر کھیتوں میں اندھیرے کی طرف مڑ رہے تھے تو شک گزرنے پر پولیس پارٹی نے بھی دونوں گاڑیوں کا پیچھا کیا۔

جب قریب پہنچے تو دیکھا کہ 6/7 ڈاکو بس اور جیپ میں موجود مسافروں کو لوٹنے کی غرض سے ویران مقام کی طرف زبردستی لیکر جارہے تھے تو ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو اپنی طرف آتا دیکھ کر پوزیشن سنبھالتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت فائر کیے تھوڑی دیر بعد جب فائرنگ کا سلسلہ بند ہوا تو پولیس نے قریب جا کر دیکھا تو ایک کس نامعلوم ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جس کے قریب سے ایک پسٹل بھی برآمد ہوا جبکہ بقایا ملزمان کھیتوں میں فرار ہوگئے۔

تھانہ سٹی پھولنگر پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ڈی پی اوقصور نے ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں ۔ڈی پی اوقصور نے بس ڈکیتی کو ناکام بنانے ،مسافروں کو بحفاظت بچانے اور بہادری سے ڈاکوئوں کے ساتھ مقابلہ کرنے والے پولیس افسران و ملازمان میں نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔