دانش سکول وسائل قوم پر صرف کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں: شہبازشریف

Shehbaz Sharif

Shehbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں تعمیر کئے گئے سٹیٹ آف دی آرٹ امینہ اردگان سکول میں بچیوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جائیگی
پنجاب حکومت اورچینی کمپنیوں میں بڑھتا ہوا اشتراک دوستی، تعلقات میں اضافے کا باعث ہے، چینی گروپ کے نائب صدر سے گفتگو وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برادراسلامی ملک ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سکول تعمیر کیاگیا ہے۔ سکول میں مظفرگڑھ اور دیگرقریبی اضلاع کی بچیوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔

معیاری تعلیم پر جتنا حق اشرافیہ کے بچوں کا ہے اتنا ہی حق غریب اورکم وسیلہ گھرانوں کے بچوں کا بھی ہے۔ پنجاب حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی ادارے قائم کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سکول سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔

شہبازشریف نے سکول کا نام امینہ اردگان دانش سکول رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ترکی اور پاکستان کے مابین تاریخی، تہذیبی ،دینی اورثقافتی تعلقات قائم ہیں، ترکی کے تعاون سے بنایا گیا سکول مظفرگڑھ کے عوام کے لئے شاندار تحفہ اور پاک ترک دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے کہا بچیوں کو سمارٹ بورڈز کے ذریعے تعلیم فراہم کی جائے گی، سکول میں ڈیجیٹل لیبز بھی قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا 45 کنال رقبے پر محیط امینہ اردگان دانش سکول پنجاب کا بہترین سکول ثابت ہوگا بچیوں کے لئے کھیلوں کی انڈور اور آؤٹ ڈور سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے انتہا پسندی کے رجحانات کے خاتمے، غربت اوربے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے فروغ تعلیم نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا وسائل قوم کی امانت ہیں اوردانش سکول وسائل قوم پر صرف کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، حکومت فروغ تعلیم کے لئے وسائل فراہم کرتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے ڈی سی او مظفرگڑھ کو ہدایت کی کہ امینہ اردگان دانش سکول میں شجر کاری اورلینڈ سکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دریں اثنائوزیراعلیٰ سے اسلام آباد میں چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے نائب صدر جیری لیو نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت اورچین کی کمپنیوں کے مابین بڑھتا ہوا اشتراک پاک، چین دوستی اور قابل اعتماد تعلقات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا چین کا گروپ اپیرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا۔ جیری لیونے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی اورٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف محنت، عزم اورجذبے کے ساتھ کام کرتے ہیں۔