کراچی (جیوڈیسک) اداکار و ماڈل دانش تیمور اور ان کی اہلیہ اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے ایک ساتھ فلموں میں کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ بہت جلد دونوں فلم میں کام کرتے ہوئے نظر آئینگے۔
اس حوالے سے عائزہ خان نے نمائندہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی آفرز مل چکی ہیں اور کچھ کام بھی ہورہا ہے، فی الحال اس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے قاصرہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری سکرپٹ اور جاندار کردار میری ترجیحات میں شامل ہیں۔
اس موقع پر دانش تیمور نے کہا چھوٹی سکرین سے دوری فلموں کی مصروفیات کی بنا پر ہے، عائزہ خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انکا کہنا تھا ابھی وہ ٹی وی ڈراموں میں کام کر رہی ہیں اگر کوئی اچھی فلم ملی اور جاندار کردار ہوا تو وہ بھی فلم میں کام کر سکتی ہیں۔ فنکار کسی ایک فیلڈ میں محدود ہو کر نہیں رہ سکتا۔
انکا کہنا تھا غیر معیاری پراجیکٹس میں کام کرنے پر ہم دونوں میاں بیوی کمپرومائز نہیں کرسکتے۔ اب وقت بدل چکا ہے، فلم شائقین اچھے سینما گھروں میں اچھی، معیاری، تفریح سے بھرپور فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ غیر معیاری فلموں کا انتخاب کر کے اپنے فینز کو مایوس نہیں کرنا چاہتا۔