پیر قمرالشکور احمد کا دربار شکوری میں منعقدہ ایک غوث الوریٰ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب
Posted on March 3, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
ٹوبہ ٹیک سنگھ : محبوب سبحانی شہباز لا مکانی الحسنی والحسینی حضور غوث اعظم سید عبدالقادر جیلانی شریعت وطریقت ،حقیقت ومعرفت میں جامع الصفات ہستی ہیں اورمناقب وفضائل کے اعتبار سے بھی آپ کا ایک اعلٰی مقام ہے، ان خیالات کا اظہار پیر طریقت رہبر شریعت حضرت قبلہ پیر قمرالشکور احمد نے دربار شکوری میں منعقدہ ایک غوث الوریٰ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرخلیفہ مجاز پروفیسر بلند اقبال شکوری ،صاحبزادہ محمد مصطفی شکوری،جوہر حسین شکوری ایڈووکیٹ اور ابوالحسنین محمد مقبول شکوری سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ انسانی دلوں کو گناہوں کی ظلمت سے پاک کرکے معرفت الہی کے نور سے روشن ومنور کر دیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلاف اُمت اور بزرگان دین نے ذکر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مجالس کو خیر وبرکت سے تعبیر کیا ہے۔
ملت اسلا میہ کی راہنمائی کے لئے اولیاء اُمت اور بزرگان دین نے دین اسلام کی تبلیغ کرکے اسلام کی تحریک کو چار چاند لگائے،انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر پاک وہند میںاشاعت اسلام کا سہرا اولیاء اُمت کے سر ہے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح سرکار غوث اعظم سید عبدالقادر جیلانی نے تقریر وتحریر ،روحانی مجالس اور فکری نشست کے ساتھ ساتھ وقت کے حکمرانوں کی اصلاح کا فریضہ سر انجام دیا ہے آج پھر صوفیاء کرام کی طرز پر اشاعت اسلام کی اشد ضرورت ہے ،آخر میں ملک وقوم کی ترقی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com