ملک سے اندھیرے دور کر کے روشنیاں لائیں گے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چولستان کے صحرا میںجنوبی ایشیا کے سب سے بڑے سولر پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کی عکاسی کی ہے کہ مسلم لیگ (ن)ملک سے اندھیرے دور کرکے روشنیاں لا ئیگی۔

قائداعظم سولر پارک منصوبہ سے 25 برس تک بجلی حاصل ہو گی جبکہ تیل یا گیس کا کوئی خرچ نہیں ہوگا، منصوبہ صرف اور صرف سورج کی شعا عوں سے چلے گا جس سے مجموعی طور پر ایک ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی،علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اوربے شمار افراد کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ماضی میں کوئی بھی لیڈر بہاولپوراور چولستان میں موجود روشنیوں کے اس خزانے کو دریافت کرنے کیلئے کوئی اقدام نہ کر سکا جو وزیراعظم نواز شریف نے کر دکھایا ہے، یہ منصوبہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لے جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے 5 برس تک توانائی کے حصول کیلئے کچھ نہیں کیا جس کے باعث ملک میں اندھیرے چھا گئے، زراعت پیلی پڑ گئی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا، ایکسپورٹ بند ہو گئی، معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہوئے۔

ماضی کے حکمرانوں نے ان سایوں کا پیچھا کیا جن کی کوئی منزل نہ تھی بلکہ رسوائے زمانہ رینٹل پاور پراجیکٹ جیسے کرپشن میں لتھڑے منصوبے لگائے گئے اور خزانے کو بیدردی سے لوٹا گیا، اب قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا منصوبہ ملک کو روشنیوں کی جانب لے جانے کی ابتدا ہے۔

انکا کہناتھاکہ بعض عناصر سابق دور میں پانچ برس تک بدترین کرپشن کے باوجود اس وقت کے حکمرانوں کیساتھ چائے کافی پی کر معاہدے کرتے رہے جن میں ایک مولانا سب سے نمایاں تھے اوراب بھی جب وزیراعظم محمد نواز شریف نے ستاروں پر کمند ڈالی ہے تو یہ عناصر احتجاج کرنا چاہتے ہیں،یہ احتجاج ترقی وخوشحالی اورعوامی فلاح و بہبود کیخلاف ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں اجتماع کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ ن لیگ کی مرکزی حکومت سمیت پنجاب حکومت پر ایک برس کے دوران ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت بھی سامنے لے آئیں تو اسی وقت استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤنگا، یہ عناصر پاکستان دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو کہ ترقی و خوشحالی کی منزل کا راستہ روکنے کے مترادف ہے، اگر عزت کے ساتھ اقوام عالم میں کھڑا ہونا ہے تو احتجاجی ایجنڈے کو یکسر مستردکرنا ہوگا، یہ احتجاج 18 کروڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کیخلاف ہے جسے قوم بھرپور طریقے سے مسترد کردیگی اور پھر ان عناصر کو کبھی احتجاجی سیاست کی ہمت نہیں ہوگی۔

دریں اثنائپنجاب حکومت اور بین الاقوامی یونیورسٹیز کے درمیان مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، وزیراعلیٰ شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، معاہدوں کے تحت انٹرنیشنل سکاٹش کوالیفکیشن اتھارٹی یوکے، کومسیٹس / یونیورسٹی آف لنکیسٹراور نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور میں بننے والے سٹیٹ آف دی آرٹ نالج پارک میں اپنے کیمپسزقائم کرینگی جبکہ یہ ادارے پنجاب میں ریسرچ کے فروغ کیلئے تعاون بھی فراہم کرینگے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلی ٰسے چین کے انسداد دہشت گردی لیڈنگ گروپ کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی۔ مزیدبرآں ٹی وی سے گفتگومیں وزیر اعلیٰ کاکہناتھاکہ عوام بہت سمجھدار ہو گئے ہیں، 11 مئی کو کچھ نہیں ہو گا، عوام کو معلوم ہے کون کام کر رہا ہے اورکون رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے؟ دیکھتے ہیں کہ عمران خان اور طاہر القادری کا ملاپ ہوتا ہے یا نہیں ۔