سڈنی (جیوڈیسک) سڈنی کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیرن لیمن کو مکی آرتھر کی جگہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا، ڈیرن لیمن ایشیز سیریز سے ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ ایشیز سیریز 10 جولائی سے شروع ہوگی لیکن سیریز سے 2 ہفتے پہلے کرکٹ آسٹریلیا نے کوچ مکی آرتھر کو بر طرف کر دیا، ان کی جگہ سابق بیٹسمین ڈیرن لیمن کو آسٹریلوی ٹیم کا کوچ مقرر کردیا گیا ہے، جو ان دنوں انگلینڈ میں آسٹریلیا اے ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں۔
مکی آرتھر آسٹریلیا کے پہلے غیر ملکی کوچ تھے، انہوں نے 2011 میں ٹم نیلسن کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ مکی آرتھر کی زیرِ نگرانی آسٹریلیا نے 19 ٹیسٹ میچوں میں سے 10 میں کامیابی اور 6 میں شکست کا سامنا کیا۔ 45 سالہ مکی آرتھر کے دور کے آخری مراحل میں آسٹریلوی ٹیم کئی مشکلات کا شکار رہی، بھارت کا ناکام دورہ اور چیمپئننز ٹرافی میں خراب کارکردگی مکی آرتھر کی کوچنگ کو لے ڈوبی۔